انڈونیشیا: مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا، 54 افراد زخمی، پاکستان کا اظہارِ افسوس

Published On 07 November,2025 02:27 pm

جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشا کے دارالحکومت جکارتہ میں سکول کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 54 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، فی الحال دھماکے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے تاہم دھماکے کی جگہ پر قانون نافذ کرنے والے ادارے پہنچ گئے ہیں اور دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

سٹی پولیس چیف عیدی سہیری نے کہا ہے کہ زخمیوں میں کئی ایک کو شدید چوٹیں آئی ہیں، کچھ جل بھی گئے ہیں، اس موقع پر طلبہ کے والدین جمع ہو گئے ہیں جنہیں تمام معلومات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔

صدرِ پاکستان نے جکارتہ میں سکول کی مسجد میں دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف عالمی کوششوں میں انڈونیشیا کے ساتھ ہے۔