نفرت، جھوٹ، گالی گلوچ کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا: نواز شریف

Published On 26 November,2025 04:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے کہا کہ نفرت، جھوٹ، گالی گلوچ کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا۔

نومنتخب ارکان قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کو مبارکباد دیتا ہوں، اللہ کے فضل سے جھوٹ، بدتمیزی، بدتہذیبی اور فتنے کو شکست ہوئی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2017 میں ملک تیزی سےترقی کر رہا تھا، انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا تھا، ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا تھا، ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج دنیا میں ہمارا ایک مقام ہوتا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے جو ملک کی حالت کی پوری قوم بھگت رہی ہے، بدتہذیبی کا کلچرعام کیا گیا، ہمارے جانے کے بعد ملک کا ستیاناس کر دیا گیا، گزشتہ دور حکومت میں ملک میں صرف تباہی آئی۔

نوازشریف نے کہا کہ ہمارے دورمیں مہنگائی 3 فیصد تھی، ہمیں تو آج کل یہ فکر ہے کہ آئی ایم ایف فیصلہ کرنے دے گا یا نہیں کرنے دے گا، ہم کئی فیصلے خود نہیں کرسکتے، اگر ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج آئی ایم ایف کی فکر نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور مریم نواز تو میرے سے بھی آگے نکل گئے ہیں، شہباز شریف اور مریم نواز بہت اچھے کام کر رہے ہیں، میں خوش ہوں یہ مجھ سے اور زیادہ آگے نکل جائیں۔

نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف بڑا اچھا بھائی پیار کرنے والا بھائی ہے، مجھ سے جو مدد ہوتی ہے وہ کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ہمیں ووٹ دیا ہے۔

سازشیں کرنے والے تاریخ کی کتاب میں بند ہو گئے: مریم نواز شریف

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ سب سے پہلے سر جھکا کر کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، نوازشریف اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتی ہوں، تمام نومنتخب ارکان اسمبلی کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ تمام حلقوں میں کارکنوں نے سخت محنت کی، میانوالی میں بھی تبدیلی آگئی ہے، مسلم لیگ (ن) نے مشکلات کا بہادری سے سامنا کیا اور کبھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا، الیکشن کا بائیکاٹ انہوں نے بھی نہیں کیا، انہوں نے ہر جگہ اپنے امیدوار کھڑے کئے تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سازشیں کرنے والے تاریخ کی کتاب میں بند ہو گئے، عوام کو سمجھ آگئی ہے اب عوام ان کے جلسوں میں نہیں آتے، ان کی حکومت کے چار سال بدترین دور تھا، 4 برسوں میں سیاست کو داغدار کیا گیا، اب کوئی کسی کے بہکاوے میں نہیں آئے گا، عوام نعرے اور عملی اقدامات میں فرق جان گئے ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن سب کے سامنے ہے، ہم اس دورمیں بھی دھاندلی کے باوجود کامیاب ہوئے، خدمت کی سیاست کو مٹایا نہیں جاسکتا، نوازشریف کو تین دفعہ عوام نے وزیراعظم بنایا، پاکستان کی تاریخ میں کوئی شخص تین دفعہ وزیراعظم نہیں بنا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تین دفعہ سازش کر کے نوازشریف کو نکالا گیا، ہر دور میں کہا گیا نوازشریف کا دور ختم ہوگیا، نوازشریف 40 سال میں پہلا لیڈر ہے جو آج بھی تاریخ رقم کر رہا ہے، 40 سال سے نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والے خود ختم ہوگئے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمیں موروثی سیاست کا طعنہ دینے والوں کے اہل خانہ الیکشن میں کھڑے تھے، گزشتہ دورحکومت میں سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کیا گیا، ہمیں وراثت میں بدتمیزی، انتقام لینا نہیں سکھایا گیا، ہمیں وراثت میں عوام کی خدمت کرنا سکھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف کے ترقیاتی کام نکال دیں تو پیچھے کھنڈرات بچتے ہیں، گزشتہ حکومت کے 4 برسوں میں ہر قسم کی تباہی لائی گئی، جب اقتدار سنبھالا تو ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جا رہی تھیں، آج مہنگائی 40 سے 4 فیصد پر آئی ہے۔

مریم نواز کا کہان تھا کہ یہ نوازشریف کی تین فیصد مہنگائی کو 40 فیصد پر نالائقی کی وجہ سے لے کر گئے، دھرنے، جلسوں، بائیکاٹ کی کال کوعوام نے صاف انکار کر دیا ہے، پنجاب کے عوام کواچھا علاج اورسستی روٹی مل رہی ہے، خیبرپختونخوا کے لوگ بھی پنجاب علاج کے لیے آ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے روٹی کی قیمت نہیں بڑھی، باقی صوبوں میں بڑھی، پنجاب میں 20 روپے میں عوام کو آرام دہ سفر کی سہولیات ملتی ہیں، پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بھی بہترہے۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے تحت سڑکوں کو روزانہ صاف کیا جاتا ہے، پنجاب کی گلیاں، سڑکیں صاف ہو رہی ہیں اسی لیے (ن) لیگ کو ووٹ ملا، خوشی اس بات کی ہے ان کی منفاقت عیاں ہو چکی ہے، لوگوں کو سمجھ آگئی ہے ترقی کی چابی صرف (ن) لیگ کے پاس ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں کام کر کے دکھایا اور کام کرنا آتا ہے، مسلم لیگ (ن) کا فیوچر بھی بہت  برائٹ  ہے، نومنتخب ارکان اسمبلی حلقوں میں عوام کی خدمت کریں، اللہ تعالیٰ نوازشریف کو لمبی عمر دے اور ہماری سرپرستی کرتے رہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چھوٹے شہروں کو آج گرین بس کی آرام دہ سواری میسر ہے، 30 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائی گئیں، کسانوں کے لیے بہترین اقدامات کیے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نعرے اور عملی اقدامات میں فرق جان گئے ہیں، ہم ملک کو پھلتا پھولتا اور ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں، سازشیں کرنے والے تاریخ کی کتاب میں بند ہو گئے ہیں، ہم نے دوسروں کو چور، ڈاکو کہنے کے بجائے عوام کی خدمت پر توجہ مرکوز کی ہے۔