ایف آئی اے کے اختیارات میں اضافہ، ویزا کے باوجود مسافروں کی جانچ پڑتال لازمی

Published On 28 November,2025 10:06 am

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) حکومت نے پاکستانی شہریوں کو بیرونِ ملک روانگی کے موقع پر ایئرپورٹس پر درپیش مسائل کے تناظر میں ایف آئی اے امیگریشن کے اختیارات میں اضافہ کر دیا ہے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق اب بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کو ویزا ہونے کے باوجود امیگریشن حکام کو اپنے سفر کے مقصد اور سفری دستاویزات کے بارے میں مکمل طور پر مطمئن کرنا ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر مسافر امیگریشن حکام کو اپنے سفر کی معقول وجہ اور ضروری ثبوت فراہم نہ کر سکا تو اسے آف لوڈ کر دیا جائے گا۔

وزارتِ داخلہ نے انکشاف کیا کہ بعض افراد سینیگال کے ویزے حاصل کر کے وہاں سے غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں، جس کی روک تھام کے لئے سخت سکریننگ ضروری ہے، بیرونِ ملک سفر کرنے والوں کے ریٹرن ٹکٹ، ہوٹل بکنگ اور بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔

حکام کے مطابق یہ اقدامات قانونی مسافروں کے تحفظ اور پاکستان کی ساکھ بہتر بنانے کیلئے اٹھائے جا رہے ہیں۔