ایف آئی اے کی کارروائی، قطر کے راستے یورپ جانے والے 6 افراد ایئرپورٹ سے گرفتار

Published On 26 October,2025 05:00 am

سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے قطر جانے والے 6 مسافروں کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے جن کے پاسپورٹ پر قطر کے ورک پرمٹ ویزے تھے، اور یہ قطر سے لیبیا اور پھر سمندری راستے سے اٹلی جانا چاہتے تھے، قطر کے ذریعے یورپ جانے کا یہ ایک نیا روٹ سامنے آیا ہے، گرفتار افراد نے ایجنٹ کو 32 لاکھ روپے فی کس ادا کیے تھے۔

دوسری جانب ملتان ایف آئی اے نے بھی جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائی کرکے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتارکر لیا، ملزمان نے سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک نوکریوں کا جھانسہ دیا اور ان سے لاکھوں روپے بٹورے، ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور انہیں رقم بھی واپس نہیں کی۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ان تمام افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔