ایف آئی اے کی کارروائیاں، انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث 3 ملزم گرفتار

Published On 22 October,2025 11:53 am

لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے لاہور زون نے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائیاں انسدادِ انسانی سمگلنگ اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں، گرفتار ملزمان میں سلیم، ذیشان احمد اور محمد ابراہیم شامل ہیں جنہیں لاہور اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزم سلیم نے ایک شہری کو سپین کے ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 75 لاکھ روپے ہتھیائے اور بعد ازاں روپوش ہو گیا جبکہ ذیشان احمد اور محمد ابراہیم حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث پائے گئے۔

ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 13 لاکھ 55 ہزار روپے نقد، حوالہ ہنڈی کی دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد برآمد کیے گئے ہیں، تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔