سہیل آفریدی صوبے کے معاملات دیکھے، حکومت بلیک میل نہیں ہوگی: عطا تارڑ

Published On 28 November,2025 10:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ سہیل آفریدی صوبے کے معاملات کو دیکھے، حکومت دھرنا دینے سے بلیک میل نہیں ہوگی۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی کی ملاقاتیں جیل مینوئل کے مطابق ہوں گی، قوانین کی خلاف ورزی کریں گے تو کوئی ملاقات نہیں ہو گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بانی کو جیل میں سب سے زیادہ سہولیات میسر ہیں، سہیل آفریدی بزدار پلس پلس بن چکے ہیں، قانون یہ اجازت نہیں دیتا کہ جیل کے باہر جا کر بدمعاشی کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر یہ امن وامان کی صورتحال خراب کرتے ہیں، یہ قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اس لیے ملاقات نہیں ہونے دے رہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں اندرونی کشیدگی کی وجہ سے معاملات خراب ہیں، پی ٹی آئی کی خاتون رہنما نے بھارتی اور افغان میڈیا کو فیڈ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کوئی حق نہیں کہ وہ بانی سے ملاقات کریں، سہیل آفریدی کو صوبے میں امن و امان کو بہتر کرنا چاہئے۔