سپیکر قومی اسمبلی اور ایرانی سیکرٹری سکیورٹی کونسل کی ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال

Published On 26 November,2025 06:20 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی اور ایرانی سیکرٹری سکیورٹی کونسل کی ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات، علاقائی سلامتی، پارلیمانی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر نے اس موقع پر علاقائی امن و استحکام اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ اور ہمسایہ ممالک ہیں اور پاکستانی اور ایرانی قیادت کے حالیہ رابطے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔

دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا اور مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ایرانی عوام کے لیے دوسرا گھر ہے اور بھارت کے ساتھ جنگ میں ایران کی سفارتی و اخلاقی حمایت کے مشکور ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور ملکی دفاع کو مضبوط بنایا اور ہمیشہ علاقائی و عالمی تنازعات کے پرامن اور پائیدار حل کا خواہاں رہا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے افغانستان کی سرزمین کے دہشت گردانہ استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان کے عزم کو واضح کیا کہ ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہرممکن اقدام کیے جائیں گے، انہوں نے ایران کے آئندہ ترقیاتی وژن کے لیے نیک خواہشات بھی ظاہر کیں۔

ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے تاثرات کو سراہا اور اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستانی عوام کی حمایت کو قابل ستائش قرار دیا۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کا بھی خیرمقدم کیا، ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور متفرق شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔