لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف رپورٹ میں کارٹلنگ کا ذکر ہوا، ہم ان کو توڑنا چاہتے ہیں، پاکستان کے کارٹل کو ہم ایکسپوز کرنا چاہتے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ 13 نشستوں پرضمنی الیکشن ہوا ہے، تحریک انصاف کی بائیکاٹ والی منطق سمجھ سے باہر ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ جب تحریک انصاف جیتے تو الیکشن تب ٹھیک ہوتا ہے؟ ہماری الیکشن کی ایسی تاریخ ہے کہ کوئی شکست تسلیم نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف رپورٹ تو ہم نے خود شائع کی، یہ عجیب بات ہے یہ کہنا کہ آئی ایم ایف نے ہمیں چارج شیٹ کیا ہے، ریفارم ایجنڈے کے تحت رپورٹ کو شائع کیا گیا ہے، ریفارم ایجنڈے کو لے کر ہم آگے چل رہے ہیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اگر ہم رپورٹ شائع کر دیں تو کہتے ہیں آئی ایم ایف کا پریشر ہے، حکومت نےاتفاق رائے سے رپورٹ پبلش کی ہے، رپورٹ میں پی ٹی آئی کی پرانی شوگرمافیا کا بھی ریفرنس ہے۔



