دھاندلی کا الزام تب لگاتے جب یہ میدان میں ہوتے:عطا تارڑ

Published On 24 November,2025 06:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ دھاندلی کا الزام تب لگاتےجب یہ میدان میں ہوتے، کسی عمل میں شریک نہ ہو اور پھر دھاندلی کا الزام لگانا غلط بات ہے، سیاست میں سب سے بڑی غلطی بائیکاٹ کی ہوتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے، معرکہ حق میں ڈیجیٹل میڈیا نے اہم کردار ادا کیا، ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے دشمن کو دشمن کی زبان میں جواب دینا ضروری ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے، ہر موقع پر بھرپور ساتھ دیا، جماعت اسلامی نے ہمیشہ پُرامن احتجاج کیے، جماعت اسلامی نے اتنا بڑا جلسہ کیا ایک پتا بھی نہیں ٹوٹا۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی اداروں کے خلاف مذموم مہم چلائی جاتی ہے، سیاست میں بات چیت اور مکالمے سے ہی معاملات آگے بڑھتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ مثبت رویے سے مسائل کا حل ممکن ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز مل کر آگے بڑھیں، ڈیجیٹل میڈیا کا فیک نیوز کی روک تھام میں اہم کردار ہونا چاہئے۔