اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے ملاقات کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
دونوں ملکوں میں اقتصادی، دفاعی، سکیورٹی اور دیگر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، پاکستان کیلئے غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر سعودی عرب کو سراہا، وزیراعظم کا گزشتہ دو ماہ کے دوران ریاض کے انتہائی کامیاب دوروں کا بھی ذکر ہوا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا، دوطرفہ دفاعی تعاون مزید گہرا کرنے کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کیلئے دونوں ملکوں نے مشترکہ عزم اجاگر کیا، جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو سعودی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔
جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے بہترین دفاعی اور تزویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔



