پاک سعودیہ وزارت انصاف کے درمیان عدالتی ترتیب، قانونی اصلاحات کیلئے ایم او یو پر دستخط

Published On 24 November,2025 05:05 pm

لاہور: (محمد اشفاق) پاکستان اور سعودی عریبیہ کی وزارت انصاف کے درمیان عدالتی ترتیب، قانونی اصلاحات کیلئے ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے انصاف، ریاض میں شرکت کی، ریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں دوسری بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے انصاف میں پاکستانی وفد کی قیادت کی، 2 روزہ کانفرنس میں 40 سے زائد ممالک کے وزراء، قانونی ماہرین نے شرکت کی۔

کانفرنس میں عدالتی معیار، ڈیجیٹل تبدیلی اور انصاف کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا، کانفرنس کے موقع پر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے دو طرفہ ملاقاتوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا۔

اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کی وزارت انصاف کے درمیان عدالتی تربیت، قانونی اصلاحات اور تکنیکی ترقی میں تعاون بڑھانے کے لیے ایک تاریخی مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔