سینیٹ اجلاس جمعرات کوشام چار بجے طلب، 14 نکاتی ایجنڈا جاری

Published On 03 December,2025 08:56 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سینیٹ اجلاس جمعرات کو چار بجے طلب کرکے 14 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے ایجنڈے میں سنیٹر علی ظفر جرنلسٹس کے تحفظات بارے رپورٹ پیش کریں گے، جو مرحوم عرفان الحق صدیقی نے نکتہ اعتراض پر اٹھائے تھے۔

اجلاس میں سنیٹرسید وقار مہدی، سردار عمر گوریج کی پیش کردہ تحریک استحقاق جو چیئرمین ایف بی آر کے رویے کے متعلق تھی اُس کے بارے رپورٹ اور اپنی ہی پیش کردہ تحریک استحقاق کی رپورٹ پیش کریں گے جو رضوان رضی وی لوگر، اینکر لاہور پی ٹی وی کے بارے میں تھی۔

سینیٹر سلیم مانڈی والا انکم ٹیکس تیسری ترمیم بل 2025 مالیاتی بل بارے کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گےاور تحریک پیش کریں گے انکم ٹیکس تیسری ترامیم بل 2025 مالیاتی بل پر کمیٹی کی سفارشات کو زیر بحث لایا جائے اور منظور کیا جائے۔

علاوہ ازیں وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اسمبلی سے پاس کردہ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق ترمیمی بل 2025 کو زیر بحث لانے اور پاس کرنے کی تحریک پیش کریں گے جب کہ سینیٹر جان محمد وفاقی اُردُو یونیورسٹی کراچی کے سٹاف کو تنخواہوں اور پینشن کی مد میں ادائیگی نہ کرنے کے بارے میں توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

دوسری جانب سینیٹر دنیش کمار میر پور سکرو گرلز ہائی سکول میں غیر مسلم طلباء کو زبردستی مذہب تبدیلی بارے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گے، اِس کےعلاوہ سینیٹر شہادت اعوان سینیٹ قواعد و ضوابط 2012 کے رول نمبر 212 میں ترمیم کی تحریک بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔