سینیٹر فیصل واوڈا نے ایک بار پھر پی ٹی آئی اور عمران خان پر تنقید کے نشتر چلا دیے

Published On 03 December,2025 09:14 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سیاسی رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان پر تنقید کے نشتر چلا دیے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’ایسی کی تیسی‘ والی ٹویٹ پی ٹی آئی کے لیے کی ہے، ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کل بھی نہیں ہوگی۔

اُنہوں نے کہا کہ تھوڑا سا پیچھے ماضی میں چلے جائیں تو پی ٹی آئی فوج پر اٹیک کرتی نظر آئی جبکہ اس سے پہلے وہ جنرل باجوہ کو جمہوریت کا بادشاہ کہتی تھی، یہ کہتے تھے کہ فوج آوازیں ٹیپ کرسکتی ہے حتیٰ کہ کمرے کی ویڈیو بنا سکتی ہے، یہ سب بیانیہ عمران خان کا تھا۔

سیاسی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان تسبیح لے کر آئی ایس پی آر سے بھی آگے فوج کا سبق پڑھاتے تھے، پھر اِس کے بعد وہ آگ بگولہ ہوگئے اور جھگڑا شروع ہوگیا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ آج کے فیلڈ مارشل کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹایا گیا، انہیں اس لیے ہٹایا گیا کہ بیگم کی بات نہ بتاؤ، ابا کی نہ بتاؤ یہ سب چوری چکاری ہونے دو۔

علاوہ ازیں اُن کا مزید کہنا تھا کہ اُس کے بعد ارشد شریف کا قتل ہوجاتا ہے، وہاں سے معاملہ شروع ہوتا ہے، قتل و غارت شروع ہوجاتی ہے، اُنہی کے لوگ ا’ن پر گولیاں چلا دیتے ہیں۔