اسلام آباد: (دنیا نیوز) ممکنہ آفات اور خطرات سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے اور اقوام متحدہ ایجنسیز کی مشترکہ فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔
این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں 2 روزہ فرضی مشقیں 3 تا 4 دسمبر تک جاری رہیں، مشقوں کا مقصد قومی سطح پر آفات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے صلاحیتی دائرہ کار کو مزید فعال اور متحرک کرنا تھا۔
.jpg)
مشقوں کے انعقاد میں اقوام متحدہ، ایف سی ڈی او اور دیگر فلاحی اداروں کا بھر پور تعاون شامل رہا، مشقوں میں وفاقی وزارتوں، صوبائی محکموں اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے 130 سے زائد نمائندگان نے شرکت کی۔
6 مختلف گروپس نے زلزلہ، مون سون سیلاب، جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلاب اور شدید سردی کے منظرناموں پر عملی مشق کی، مشقوں کے دوران معلومات کے تبادلہ، فیصلہ سازی، ادارہ جاتی تعاون اوروسائل کے موئثر استعمال کا لائحہ عمل دوہرایا گیا۔
فرضی مشقوں کے ذریعے وفاقی، صوبائی اور دیگر ذیلی اداروں کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی میں مزید بہتری آئے گی، ایسے مشترکہ اقدامات کے ذریعے این ڈی ایم اے کے لائحہ عمل اور منصوبہ بندی کے ذریعے مشترکہ ردِعمل کی تشکیل با آسانی ممکن ہو سکے گی۔
.jpg)
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ این ڈی ایم اے آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا، این ڈی ایم اے نے تمام معاون اداروں بشمول اقوام متحدہ، ایف سی ڈی او اور تمام شرکاء کے بھر پور تعاون کو سراہا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ این ڈی ایم اے اداروں کے صلاحیتی دائرہ کار میں اضافے کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔



