چین نے غزہ میں جامع اور دیرپا جنگ کیلئے مزید اقدامات ناگزیر قرار دیدئے

Published On 27 November,2025 04:29 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے غزہ میں جامع اور دیرپا جنگ کیلئے مزید اقدامات کو ناگزیر قرار دے دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے عالمی دن کی مناسبت سے اقوام متحدہ میں منعقدہ خصوصی اجلاس کے نام چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ غزہ میں جامع اور دیرپا جنگ بندی کے لئے عالمی برادری کو مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

چینی صدر نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کا بنیادی محور ہے جو عالمی انصاف، منصفانہ اصولوں اور علاقائی استحکام پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں عالمی برادری کو زیادہ مضبوط اتفاق رائے پیدا کرتے ہوئے مزید ٹھوس موثر اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ غزہ میں جامع اور دیرپا جنگ بندی ممکن بنائی جا سکے اور جنگ دوبارہ شروع ہونے کا راستہ روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ کے بعد تعمیرِ نو اور انتظامی امور ’’فلسطین کی حکمرانی فلسطینیوں کے ذریعے‘‘ کے اصول کے تحت ہونے چاہئیں، جس میں فلسطینی عوام کی خواہشات کا مکمل احترام اور علاقائی ممالک کے جائز تحفظات کو مدنظر رکھا جائے۔