تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی حصے میں نیا آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کو اعلان کیا کہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے Samaria میں وسیع پیمانے پرانسداد دہشت گردی آپریشن شروع کر دیاہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ آپریشن نیا ہے اور اُس آپریشن کا حصہ نہیں ہے جو جنوری 2025 میں شروع کیا گیا تھا، جس کا بنیادی ٹارگٹ فلسطینی پناہ گزین کیمپ تھے۔
یاد رہے کہ مغربی کنارے میں تشدد میں نمایاں اضافہ اُس وقت ہوا تھا جب اکتوبر 2023 میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ شروع ہوئی، رواں سال اکتوبر 10 سے غزہ میں جاری جنگ بندی کے باوجود مغربی کنارے میں صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج یا آبادکاروں کے ہاتھوں ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں دوسری جانب غزہ وزارت صحت کے مطابق اسرائیل نے15فلسطینی قیدیوں کی لاشیں واپس کر دیں ہیں۔



