غزہ شہر میں شدید طوفانی بارش، خیموں میں پانی بھر گیا، لوگ بے یارومددگار

Published On 25 November,2025 06:40 pm

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ شہر میں شدید طوفانی بارش سے خیموں میں پانی بھر گیا، لوگ بے یارومددگار ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق خان یونس میں بارش کے بعد بازاروں میں شدید پانی جمع ہو گیا، خیمہ بستیوں میں بارش سے صورتحال مزید خراب ہو گئی۔

خواتین اپنے خیموں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں، سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ بارش نے مشکلات کئی گنا بڑھا دی ہیں، بارش نے سب کچھ تباہ کردیا، کوئی مدد نہیں پہنچی۔

خبر ایجنسی کے مطابق سیلابی پانی کی وجہ سے بچوں اور بزرگوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا جا رہا ہے، خان یونس مارکیٹ میں پانی کھڑا ہونے سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہیں۔

غزہ کی خیمہ بستیوں میں موسم کی خرابی سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے، مسلسل بارش سے عارضی پناہ گاہیں ناکارہ ہو گئیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق لوگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، امدادی ٹیمیں محدود وسائل کے ساتھ پانی نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔