ایاز صادق نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی خوش آئند قرار دیدی

Published On 05 December,2025 12:50 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف آف آرمی سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدہ پر تعیناتی پر مبارکباد دی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی خوش آئند ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نہایت جراتمندانہ فیصلے کئے، چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کمان میں پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے فیلڈ مارشل کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی منظوری دے دی

سپیکر کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات و بہادری پر فخر ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا، چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی قیادت میں بری، بحری اور فضائی افواج کے مابین ہم آہنگی مزید بہتر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، چیف آف ڈیفنس فورسز کی قیادت میں مسلح افواج نے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے مؤثر کارروائیاں کیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی ملک کے لئے نیک شگون ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سب ٹھیک ہے، پاکستان اب اُونچی اُڑان کی طرف جائےگا: فیلڈ مارشل

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایئر چیف ظہیر بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع پر انہیں بھی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ ظہیر بابر سدھو کی سربراہی میں پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا دنداں شکن جواب دیا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ دنیا پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی معترف ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے سربراہ پاک فضائیہ ظہیر بابر سدھو کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔