پشاور: (دنیا نیوز) ہائیکورٹ کی جانب سے وکلاء کی عدالتی ہڑتال اور بائیکاٹ غیر قانونی قرار دے دیا گیا۔
جسٹس سید ارشد علی نے 43 صفحات پر مشتمل تاریخی فیصلہ جاری کیا، جس کے مطابق وکلا کا عدالتوں کا بائیکاٹ آئین کے آرٹیکل 4، 8 اور 10A کی خلاف ورزی ہے۔
فیصلے کے مطابق احتجاج کے باعث شہریوں کو فیئر ٹرائل کا آئینی حق متاثر ہو رہا ہے، ہڑتال سے ہزاروں مقدمات ملتوی اور عدالتی نظام مفلوج ہو جاتا ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ وکلا ہڑتال سے سرکاری خزانے کو بھی مالی نقصان ہوتا ہے، ایک دن کی ہڑتال سے 57 ملین روپے ضائع ہو جاتے ہیں۔
فیصلے کے مطابق ہڑتال کے بجائے کالی پٹی، بینرز اور پر امن اجلاس کی اجازت ہوگی، یہ فیصلہ صوبہ بھر کی عدالتوں کو بھجوایا جائے گا۔



