کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں منشیات کیخلاف آگاہی کے لیے سائیکل ریس کا انعقاد، 40 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے لیے 33 رائیڈرز نے زور بازو دکھایا، محمد فرقان نمبر لے گئے۔
منشیات کیخلاف آگاہی کے لیے نوجوانوں نے شہر قائد میں سائیکل ریس کا انعقاد کیا۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کے تحت ریس مزار قائد سے شروع ہوئی اور مختلف مقامات سے ہوتی ہوئی 40 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے نشان پاکستان سی ویو پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریس میں شریک 33 سائیکلسٹ نے جیت کے لیے بھرپور زور لگایا لیکن کامیابی کراچی ساؤتھ کے محمد فرقان کے حصے میں آئی۔ انھوں نے مقررہ فاصلہ 1 گھنٹہ 28 منٹ اور 3 سکینڈ میں طے کیا۔
دوسرے نمبر پر علی الیاس رہے اور تیسری پوزیشن محمد عرفان نے حاصل کی۔ ریس کے اختتام پر کامیاب سائیکلسٹ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔