پیرس: (دنیا نیوز) ویمن فٹبال ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن امریکا نے سپین کو ہرا کر کوارٹرز فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ادھر سویڈن نے کینیڈا کو شکست دے کر ٹاپ ایٹ میں جگہ بنالی۔
ویمن فٹبال ورلڈ کپ کے پری کوارٹرز فائنل میں سویڈن کا کینیڈا سے مقابلہ ہوا۔ سویڈن نے ایک صفر کی جیت سے کوارٹرز فائنل میں جگہ بنا لی۔ کینیڈین ٹیم پینالٹی کک کا بھی فائدہ نہ اٹھا سکی۔
ادھر دفاعی چیمپئن امریکا نے اپنے میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سپین کو دو ایک سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کے دونوں گول پینالٹی کک پر سکور ہوئے۔
اس سے قبل انگلینڈ نے کیمرون کو یکطرفہ مقابلے میں تین صفر سے آؤٹ کلاس کر دیا جبکہ اعصاب شکن میچ میں فرانس نے برازیل کو 2-1 سے پچھاڑ دیا۔
میگا ایونٹ کے پری کوارٹرز فائنل میں انگلینڈ اور کیمرون کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوئیں۔ برطانوی ٹیم نے کھیل کے 14 ویں منٹ میں برتری حاصل کی۔
پہلے ہاف کے اضافی منٹ میں دوسرے گول سے سبقت ڈبل ہو گئی۔ دوسرا گول 45 ویں منٹ میں کیا گیا۔ تیسرا گول 58 ویں منٹ میں ہوا۔ اس طرح یہ میچ انگلش ٹیم نے تین کے مقابلے میں صفر سے جیت لیا۔
دوسرے میچ میں فرانس نے اعصاب شکن میچ میں برازیل کو ہرا دیا۔ کھیل کے آغاز میں ہی دونوں کھلاڑیوں نے گول کرنے کی کوشش کی تاہم ہر بار ناکام رہے، پہلے دو ہاف میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کرتے رہے تاہم فرانس نے 52 ویں میں پہلا گول داغا۔
برازیل نے برتری زیادہ دیر رہنے نہ دی اور میچ کے 63 ویں منٹ میں گول کو جال کی طرف پھینک کر میچ برابر کر دیا۔
میزبان اور حریف ٹیموں نے ایک مرتبہ پھر گول داغنے کی کوشش کی تاہم ہر بار ناکام رہے، میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا جب فرانسیسی ٹیم کی کھلاڑی امیندینی ہنری نے اختتامی لمحات میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی اور میچ جتوایا۔