اسلام آباد: (دنیا نیوز) شگر میں واقع 7027 میٹر بلند چوٹی سپانٹک سر کر کے ورلڈ ریکارڈ بنانے والی پاکستان کی 10 سال کی بہادر مہم جو بیٹی سلینہ خواجہ واپس پہنچ گئی جن کا شاندار استقبال کیا گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق 7027 میٹر بلند چوٹی سر کر کے ورلڈ ریکارڈ بنانے والی کمسن ترین کوہ پیما و مہم جو سلینہ خواجہ کی واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
دنیا کی سب سے کمسن مہم جو سلینہ خواجہ نے اپنے والد یوسف خواجہ اور گائیڈ چیئرمین علی شگری کیساتھ 17 جولائی کو سپانٹک نامی چوٹی کو سرکیا تھا، اس سال ریکارڈ برف باری کی وجہ سے انہیں چوٹی سر کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ساتھ ہی دختر پاکستان سلینہ خواجہ نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا خواب دیکھ لیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سلینہ 5 ہزار 765 میٹر بلند کوزہ سر چوٹی بھی سر کر کے عالمی ریکارڈ بنا چکی ہیں۔ وہ منگلی اور ولیوسر چوٹی بھی سر کر چکی ہیں۔
سلینہ کا خواب دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا ہے جسکی بلندی 8 ہزار 8 سو 48 میٹر ہے۔ اب ان کی کوہ پیمائی کا اگلا قدم براڈ پیک کو بھی تسخیر کرنا ہے۔ براڈ پیک 8 ہزار 47 میٹر بلند چوٹی ہے۔
اس ننھی پری کا بچوں کے نام اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ ہمیشہ بڑا ہدف چنیں، سخت محنت کریں اور اپنا ہدف حاصل کریں۔