کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستانی باکسر محمد وسیم نے آئندہ ماہ دو نومبر کو ہونے والی اگلی پروفیشنل فائٹ کے لیے بھرپور تیاریاں شروع کر دیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی باکسر کا کہنا تھا کہ دو نومبر کو ہونے والی اگلی پروفیشنل فائٹ کے لیے بھرپورمحنت کرونگا۔ اپنی موجودہ پرفارمنس سے بہت خوش ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک میں باکسنگ کو اتنی پذیرائی نہیں ملتی جتنی ملنی چاہیے، میں نے ملک کا نام روشن کیا ہے مجھے استقبال کی ضرورت نہیں ہے۔
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ دبئی میں ہونیوالی پروفیشنل باؤٹ میں کامیابی کیلئے بہت محنت کی تھی، اپنی پرفارمنس سے بہت خوش ہوں۔ اپنی جیت کو کشمیری بھائیوں کے نام کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ دبئی میں ہونیوالی پروفیشنل باؤٹ میں کامیابی کے بعد باکسر جب پاکستان واپس پہنچے تو شاندار استقبال کی بجائے انہیں ٹیکسی پر گھر روانہ ہونا پڑا۔
انہوں نے دبئی میں پروفیشنل باؤٹ میں فلپائن کے باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے کامیابی حاصل کی تھی ۔ انہوں نے کامیابی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کی تھی۔
ایئرپورٹ پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے ملک اور قوم کے لیے محنت کی، دبئی میں مقابلے سے قبل افریقی مدمقابل سے بھی مقابلہ جیتا تھا، مزید مقابلے بھی جیت کر تاریخ رقم کروں گا اور اپنے ملک کا نام روشن کرتا رہوں گا، ٹاپ 5میں آکر ورلڈ ٹائٹل کے لیے مقابلہ کروں گا، پاکستان میں ورلڈ ٹائٹل میچ کے لیے کوشش کررہا ہوں گا۔