لاہور: (دنیا نیوز) کبڈی ورلڈ کپ 2020 کے لیے کھلاڑیوں نے لنگوٹ کس لیے، کافی انتظار کے بعد پہلوانوں کو بالاخر کبڈی کبڈی کھیلنے کا موقع مل رہا ہے وہ بھی ورلڈ کپ جیسے ایونٹ میں۔ اچھی خبر یہ ہے کہ اس بار ورلڈ کپ پاکستان میں ہو رہا ہے۔
ڈنٹ بیٹھکیں لگا کر کبڈی کے کھلاڑی جنوری 2020 میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں 20 سے زائد کھلاڑیوں کو کوچز مختلف دائو پیچ اور حریف کو دھول چٹانے کے گر سکھا رہے ہیں۔
کبڈی دیکھنے میں جتنا دلچسپ ہے کھیلنے میں اتنا ہی مشکل ہے۔ کیمپ میں شامل تمام کھلاڑی پرجوش ہیں کیونکہ انہیں اپنی سرزمین پر ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔
ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس کیمپ سے منتخب کھلاڑی ورلڈکپ میں پاکستان کی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔