کبڈی ورلڈکپ 2020ء: پاکستان، بھارت اور جرمنی میچز جیتنے میں کامیاب

Last Updated On 13 February,2020 06:57 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے پانچویں روز پاکستان، بھارت اور جرمنی کی ٹیمیں فاتح رہیں، انڈیا نے ایران کو شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، 20 ہزار سے زائد شائقین کبڈی میچز دیکھنے سٹیڈیم پہنچے۔

 

فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں پانچویں روز بھی کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے تین میچز کھیلے گئے، پاکستان نے دوسرا میچ بھی جیت لیا، آسٹریلیا کو چاروں شانے چت کیا۔

 

میزبان ٹیم نے میچ 25 کے مقابلے میں 62 پوائنٹس سے اپنے نام کیا۔ شائقین نے پہلوانوں کو خوب داد دی اور اپنی ٹیم سےفائنل جیتنے کی امیدیں بھی باندھ لیں۔

اس سے پہلے بھارت اور ایران کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ بھارت نے 39 کے مقابلے 50 سکور سے فتح حاصل کی،

دوسرے میچ میں جرمنی اور سیرالیون کے پہلوانوں میں جوڑ پڑا، جرمنی نے 14 کے مقابلے 43 پوائنٹس سے میچ جیت لیا۔

کبڈی ورلڈ کپ چھٹے روز گجرات کا رخ کرے گا، جہاں پہلے میچ میں پاکستان اور آذربائیجان اور دوسرے میچ میں بھارت کی ٹیم انگلینڈ سے ٹکرائے گی۔

آخر میں ایونٹ کی گجرات سے دوبارہ لاہور واپسی ہو گی جہاں 15 اور 16فروری کو بالترتیب سیمی فائنل اور فائنل مقابلے منعقد ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوسرے مرحلے کے دوران پہلے میچ میں کینیڈا نے حریف ٹیم آذر بائیجان کو 9 پوائنٹس سے ہرا ڈالا۔ فاتح ٹیم کینیڈا کا سکور 40 جبکہ آذر بائیجان کا سکور 31 رہا۔

اُدھر ایک اور میچ میں ایران نے جرمنی کو 32 پوائنٹس سے باآسانی شکست دیدی۔

فیصل آباد میں کھیلے جانے والے کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے اہم میچ کے دوران ایران نے جرمنی کو آسانی سے ہرا دیا، یہ میچ یکطرفہ ثابت ہوا، ایران نے حریف ٹیم جرمنی کو 23 کے مقابلے میں 55 پوائنٹس سے پچھاڑ دیا۔

تیسرے میچ میں انگلینڈ نے سیرالیون کو آؤٹ کلاس کر دیا۔

فیصل آبادمیں کھیلے گئے کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے سیرالیون کو 15 پوائنٹس سے ہرا دیا۔ انگلینڈ نے 26 پوائنٹس کے مقابلے میں 41 پوائنٹس سے سیرالیون کو شکست دی۔
 

Advertisement