اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈیوس کپ کے لیے پاکستان میں موجود سلوینیا کی ٹیم کے کپتان میحا ملاکر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ٹائی میچ مشکل ہو گا۔ دونوں ٹیمیں بہترین ہیں، مقابلے اچھے ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلوینیا کی ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ میچ مشکل ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں مقابلوں کے دوران خراب موسم کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں انتظامات بہترین اور یہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں، ہماری ٹیم کا پاکستان میں گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔
مصحف ضیاء کا اعصام الحق، عقیل خان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سلوینیا کی ٹیم پہلی بار پاکستان آئی ہے، سلوینیا کے کھلاڑیوں کا گھاس کے میدان پر کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں۔
اس موقع پر اعصام الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ہوم گرائونڈ کا ایڈوانٹیج حاصل ہے، ٹائی میچ میں بارش کا کردار بھی اہم ہو گا، میرے اور عقیل کے علاوہ نوجوانوں کو بھی کھیلنے کا موقع ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دنیا کے بہترین گراس کورٹس ہیں، بین الاقوامی ماہرین اور ریفری بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
ٹینس سٹار عقیل خان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہو گی کہ میچ جیت کر اپنے نام کریں۔