ریوڈی جنیرو: (روزنامہ دنیا) برازیل میں شروع ہونے والے ریو اوپن کے ابتدائی راؤنڈ میں دو سیڈڈ پلیئرز سمیت اسپین کے تین کھلاڑی ناکامی سے دوچار ہو گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نمبر سات سیڈ البرٹ راموس ونولاس کو ہم وطن حریف کارلوس الکاراز گارفیا جبکہ نمبر نو سیڈ فرنینڈو ورڈاسکو کو ہم وطن پابلو اندوجار اور الیجانڈرو ڈیویڈووچ فوکینا کو برازیل کے تھیاگو سیبوتھ وائلڈ نے گھر واپسی کا پروانہ تھما دیا تاہم ارجنٹائن کے فیڈریکو ڈیلبونس اور فیڈریکو کوریا، اسپین کے پیڈرو مارٹینیز پورٹیرو اور نمبر تین سیڈ چلی کے کرسچین گارین حریفوں کو مات دے کر دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
متحدہ عرب امارات میں جاری دبئی ڈیوٹی فری ٹینس چیمپئن شپ میں نمبر پانچ سیڈ امریکا کی صوفیہ کینن کا سفر ابتدائی راؤنڈ میں تمام ہو گیا جن کو قازقستان کی ایلینا رائباکینا نے ٹھکانے لگا دیا جبکہ نمبر چار سیڈ سوئس پلیئر بلینڈا بین چچ کو روس کی اناستاسیا پیولی چینکوا نے ایونٹ سے رخصت کر دیا تاہم نمبر سات سیڈ بیلاروس کی آرینا سبالینکا، ایسٹونیا کی انیٹ کونٹاویٹ، نمبر آٹھ سیڈ کروشیا کی پیٹرا مارٹک اور روس کی ویرونیکا کودرمیٹوا پہلا پڑاؤ پار کر گئیں۔
امریکا کے شہر فلوریڈا میں جاری ڈیلرے بیچ اوپن کا ابتدائی راؤنڈ نمبر تین سیڈ امریکا کے ٹیلر فرٹز، نمبر پانچ سیڈ آسٹریلیا کے جان ملمین اور نمبر سات سیڈ فرانس کے ایڈریان منارینو کیلئے اپ سیٹ شکست کے باعث بھیانک خواب بن گیا تاہم نمبر دو سیڈ کینیڈا کے مائیلوس رونک، امریکا کے اسٹیو جانسن اور فرانسس ٹیافو اور سربیا کے میومیر کیسمانووچ دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔