لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے بیٹے اذہان اپنی ماں کے نقش قدم پر چل پڑے ۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اپریل 2010ء میں شادی کی تھی۔دونوں کا ایک بیٹا ہے، جس کا نام اذہان مرزا ملک ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے بیٹے کی پیدائش کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا تھا اور بتایا تھا کہ کافی پر جوش ہوں میرے گھربیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے بیٹے کی نئی تصویر سامنے آئی ہے جس کو دیکھ کر ایسا کہا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے والدہ کے نقش قدم پر چل نکلے ہیں، اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اذہان مرزا ملک ٹینس کا ریکٹ پکڑے ہوئے کھڑے ہیں، ان کی اس معصومانہ انداز کی تصویر کو ہر کوئی داد دے رہا ہے۔
بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے کی تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی جس کو دیکھنے کے بعد ان کے مداحوں نے بیٹے کی خوب تعریف کی۔
چند مداحوں نے لکھا کہ بیٹا بہت خوبصورت ہے، یہ بالکل اپنی ماں کی طرح سپر سٹار لگ رہا ہے، خوبصورت اذہان مرز ملک جبکہ چند مداحوں نے اسے مستقبل کا ٹینس سٹار قرار دیدیا۔
یاد رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے شادی کے بعد مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے۔
دونوں کی بطور جوڑا مستقل رہائش گاہ اگرچہ دبئی میں ہی ہے، تاہم اپنے اپنے پروفیشن کی مصروفیات کے باعث شعیب اور ثانیہ زیادہ تر اپنے اپنے ممالک میں رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک ایونٹ کے دوران ثانیہ مرزا سے پوچھا گیا تھا کہ انکے بچے کی شہریت کیا ہوگی جس پر انہوں نے کہا تھا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں، مگر ہم شہریت کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیتے، یہ شہ سرخیوں میں تو اچھا لگ سکتا ہے، مگر گھر میں ہمارے لیے اس کی کوئی اہمیت نہیں۔