معروف فٹبالر نورمن ہنٹر کورونا وائرس سے لڑتے جان کی بازی ہار گئے

Last Updated On 17 April,2020 10:43 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے معروف فٹبالر نورمن ہنٹر کورونا وائرس سے لڑتے اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں، آنجہانی کا شمار لیڈز یونائیٹڈ کے ممتاز کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔

نورمن ہنٹر صرف 15 سال کی عمر میں انگلش فٹبال کلب لیِڈز یونائیٹڈ سے وابستہ ہو گئے تھے، انہوں نے اپنے چودہ سالہ کامیاب کیرئیر میں دو دفعہ لیگ ٹائٹل اپنی ٹیم کے نام کیا۔ آنجہانی کھلاڑی 1966 میں ورلڈ کپ جیتنے والی برطانوی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نورمن ہنٹر میں 10 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انھیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا تھا۔ لِیڈز یونائیٹڈ کلب کی جانب سے جاری بیان میں اپنے ممتاز کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کی موت نے ایسا خلا پیدا کر دیا ہے، جسے کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔

فٹبالر نورمن ہنٹر کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے لیڈز یونائیٹڈ کی جانب سے 726 میچوں میں حصہ لیا تھا۔