امریکی کھلاڑیوں ڈینڈری بیکر اور کوئنٹن ڈنبر پر مسلح ڈکیتی کا الزام

Last Updated On 15 May,2020 06:19 pm

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکی شہر فلوریڈا کی پولیس نیشنل فٹبال لیگ (این ایف ایل) کے دو مشہور کھلاڑیوں کو ڈھونڈ رہی ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک پارٹی میں لوگوں کو اسلحے کی نوک پر لوٹا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کھلاڑیوں ڈینڈری بیکر اور کوئنٹن ڈنبر پر 12 ہزار ڈالرز کی رقم اور 25 ہزار ڈالر مالیت کی گھڑیاں چوری کرنے کا الزام ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں میں سے ابھی تک کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا تاہم ان کے وکلا سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ڈینڈری بیکر اور کوئنٹن ڈنبر نے ایسا اقدام اٹھایا ہے جو انھیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کا سبب بن سکتا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے گرفتاری وارنٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ زبانی لڑائی جھگڑے کے بعد شروع ہوا جہاں ایک پارٹی میں ان کھلاڑیوں سمیت موجود مہمان ویڈیو گیمز اور دیگر تاش کھیل رہے تھے۔