کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے نصرت بھٹو کالونی کے قریب گاڑی سے دو بچوں کی چار دن پرانی لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت چار سالہ محمد زبیر اور سات سالہ عبید سعید کے نام سے ہوئی ہے۔
نصرت بھٹو کالونی کے قریب بس اسٹاپ پر مکینک کی دکان پر کئی روز سے لاوارث کھڑی کار سے دو کمسن بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، منگھو پیر پولیس کے مطابق کار سے تعفن اٹھنے پر لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے کار کے شیشے توڑ کر دیکھا ٰتو اندر بچوں کی لاشیں موجود تھیں، جس گاڑی سے لاشیں ملیں اس گاڑی کے لاک خراب تھے۔
دروازہ صرف اندر سے ہی کھلتا ہے۔ ممکنہ طور پر بچے کھیل کود کے دوران گاڑی میں لاک ہو گئے۔ پولیس نے لاشیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیں، پوسٹ مارٹم کے بعد حقائق سامنے آسکیں گے۔
بچے دس مئی سے لاپتہ تھے، اہل خانہ نے مختلف جگہوں پر تلاش کیا جس کے بعد گیارہ مئی کو مقدمہ درج کرایا گیا، دونوں بچے ایک ہی گلی کے رہائشی تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گاڑی کئی دنوں سے مکینک کی دکان پرخراب حالت میں کھڑی تھی۔ مکینک نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ بچے اکثر گاڑیوں اور رکشے میں بیٹھا کرتے تھے۔ انہیں کئی بار منع بھی کیا کہ گاڑی میں نہ بیٹھیں۔