فٹبال پریمیئر لیگ: نیوکاسل یونائیٹڈ نے شیفیلڈ کو تین صفر سے ہرا دیا

Last Updated On 22 June,2020 07:04 pm

لندن: (دنیا نیوز) فٹبال پریمیئر لیگ میں کھیلے گئے ایک میچ میں نیوکاسل یونائیٹڈ نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے شیفیلڈ کو تین صفر سے شکست دیدی جبکہ سپر سٹار محمد صلاح کی ٹیم لیورپول کا ایورٹن سے مقابلہ بغیر گول ختم ہو گیا۔

تفصیل کے مطابق انگلش سرزمین پر لاک ڈاؤن پابندیوں میں فٹبال مقابلے اری ہیں۔ ایسے ہی ایک میچ میں نیوکاسل یونائیٹڈ نے حریف شیفیلڈ کو تین صفر کی مات دی۔

دوسرے ہاف میں کھیل میں تیزی آئی۔ پچاسویں منٹ پر شیفیلڈ کو ریڈ کارڈ ملا۔ پچپن، انہتر اور پھر اٹھہتر منٹ پر گول سے نیوکاسل نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔

چیلسی نے آسٹن ولا کے خلاف دو ایک کی کامیابی حاصل کی۔ آسٹن ولا کی برتری دوسرے ہاف میں ختم ہوئی۔ باسٹھویں منٹ کے گول نے چیلسی کو فتح دلا دی۔

تیسرے اور آخری میچ میں لیورپول اور ایورٹن کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ تابڑ توڑ حملوں کے باوجود کوئی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی۔ سپر سٹار محمد صلاح کا جادو بھی نہ چل سکا۔ خالی میدان میں بے نتیجہ میچ نے مزہ کرکرا کر دیا۔