آن لائن پاکستان اوپن شیڈو باکسنگ اینڈ فٹنس چیلنجز مقابلوں کا شاندار انعقاد

Last Updated On 20 July,2020 09:27 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام آن لائن پاکستان اوپن شیڈو باکسنگ اینڈ فٹنس چیلنجز 2020ء کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے ہیں، ان کے نتائج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ان مقابلوں میں ملک بھر کے دور دراز دیہی اور شہری علاقوں سے سینکڑوں کی تعداد میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔ اس ایونٹ میں تین کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے تھے جن میں کیڈٹ انڈر 15، یوتھ انڈر 19 اور ایلیٹ انڈر 40 کے مقابلے شامل تھے۔

کلب سطح کا شیڈو ٹیسٹ 45 سیکنڈ سے ایک منٹ تک ویڈیو تھا جبکہ فٹنس کے چار مختلف ٹیسٹ جو کہ 90 سیکنڈ سے دو منٹ کے تھے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل(ریٹائرڈ) ناصر اعجاز تنگ نے بتایا کہ ایونٹ میں کئی نئے کم عمر ڈیڑھ سو کھلاڑیوں کے ویڈیو کِلپ کم وقت اور کئی ٹیکنیکل وجوہات کی بنا پر مسترد کر دیئے گئے کیونکہ ان نئے کھلاڑیوں کو ان مقابلوں کے قوانین کے بارے میں زیادہ معلومات حاصل نہیں تھیں، اس لئے ان کے ویڈیو کِلپوں کو مسترد کیا گیا تھا، امید ہے کہ آئندہ ایونٹس میں ان نوجوان کم عمر کھلاڑیوں کی کارکردگی کافی بہتر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے دوران پانچ سو ویڈیو کِلپ موصول ہوئے جن میں سے ساڑھے تین سو کے قریب کھلاڑیوں کے ویڈیو کِلپ معیار کے مطابق تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے نتائج تیار کرنے کے لئے دو جیوریز کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جن کی منظوری فیڈریشن کے صدر چوہدری محمد خالد محمود سے لی گئی۔
 

Advertisement