پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا آن لائن چیمپیئن شپ منعقد کرانے کا اعلان

Last Updated On 25 May,2020 05:31 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے بھی کورونا وائرس کے باعث عیدالفطر کے بعد آن لائن چیمپیئن شپ منعقد کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ناصر تنگ نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپیئن شپ کا مقصد کھلاڑیوں کو کورونا وائرس کی وبا کے باعث صحت مندانہ سہولیات اور تربیت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں مختلف کیٹگریز کے مقابلے منعقد ہوں گے جو ایک ہفتہ تک جاری رہیں گے اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ صوبائی ریجنل ایسوسی ایشنز اور اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ناصر تنگ کا عالمی کوالیفائنگ راﺅنڈ کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں یہ آئندہ برس مارچ یا اپریل میں منعقد ہو گا جس کے مقام کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس چیمپیئن شپ میں کھلاڑیوں کو تربیت کرنے کا موقع ملے گا اور اس کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی عالمی کوالیفائنگ راﺅنڈ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیت کےلئے قزاخستان بھیجنے پر بات چیت ہو رہی ہے۔ اس سلسلہ میں قزاخستان باکسنگ فیڈریشن کو بھی خط لکھا دیا گیا ہے اور کم از کم پانچ کھلاڑیوں کو تربیت کےلئے ضرور بھیجا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں باکسنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی ہے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ دیگر کھیلوں کی طرح باکسنگ کے کھیل پر بھی توجہ دے تا کہ اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے اور کھلاڑی بھی گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں، اس لئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے آن لائن مقابلے منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ عیدالفطر کے بعد آئندہ ماہ جون میں منعقد ہوگا۔
 

Advertisement