سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایک رگبی میچ کے دوران کھلاڑی نے چاقو سے حملہ کر دیا جس سے مخالف ٹیم کا پلیئر اور دو تماشائی زخمی ہو گئے۔
میچ کی سیکیورٹی پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش ابھی کی جا رہی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ملزم کیخلاف جسمانی ایذا پہنچانے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ رگبی کھلاڑی کی عمر 20 سال بتائی جا رہی ہے جبکہ اس کے چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے افراد بھی اسی کے ہم عمر ہیں۔
واقعے کے فوری بعد ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
خبریں ہیں کہ جس میچ کے دوران یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا وہ دو انڈر ٹونٹی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔ پولیس نے ہدایات دی ہیں کہ تحقیقات مکمل ہونے تک دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔