کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ناظم آباد میں بدرالحسن اسپورٹس کمپلیکس کی کھیلوں اور کھلاڑیوں کی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے، کھیلنے سے پہلے خود جھاڑو لگانا اور لیڈیز چینجنگ روم پر قبضے سمیت بیڈ منٹن کورٹ پرغیر قانونی کرکٹ اکیڈمی کا ‘کھیل’ چل رہا ہے۔
نہ صوبائی حکومت پوچھتی ہے اور نہ ہی شہری انتظامیہ توجہ دیتی ہے۔ کراچی میں کھیلوں کے مراکز تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے، قومی کھلاڑی پریکٹس سے پہلے جھاڑو لگانے پر مجبور ہوگئے۔ یہ دکھ بھری کہانی ہے ناظم آباد گول مارکیٹ کے قریب بدرالحسن اسپورٹس کمپلیکس کی جہاں غیرقانونی کرکٹ اکیڈمی قائم ہے جس کی پریکٹس سے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ خواتین کے چینجنگ روم پر قبضہ کر لیا گیا، واش روم کی حالت بھی ٹھیک نہیں، کھلاڑی شکوہ کرتی نظر آتی ہیں۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل انتظامیہ کی عدم دلچسپی سے اسپورٹس کمپلیکس بھوت بنگلہ بنتا جا رہا ہے۔ بدرالحسن اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح 1988 میں ہوا تھا جس نے پاکستان کو کئی انٹرنیشنل کھلاڑی دیئے۔