فٹبال پریمیئر لیگ، ٹوٹنہم ہوٹسپر اور ویسٹ ہیم کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ برابر ہو گیا

Published On 19 October,2020 09:08 am

لندن: (دنیا نیوز) فٹبال پریمیئر لیگ میں ٹوٹنہم ہوٹسپر اور ویسٹ ہیم کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا جو تین تین کی برابری پر ختم ہو گیا، اون گول، ککس اور ہیڈر توجہ کا مرکز بن گئے۔

انگلش میدانوں پر فٹبال مقابلے، ٹوٹنہم ہوٹسپر اور ویسٹ ہیم کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھ ایک کی شکست دینے کے بعد ٹوٹنہم کا مورال ہائی تھا، ویسٹ ہیم کے خلاف پہلے ہی منٹ برتری حاصل کر لی۔

ہیری کین کے آٹھویں اور پھر سولہویں منٹ گول سے اسکور تین صفر ہو گیا، دوسرے ہاف میں گیم میں فُل تیزی آئی، ویسٹ ہیم کے جوابی وار ناکام ہوتے رہے، بیاسیویں (82ویں) منٹ پہلی کامیابی ملی، تین ہی منٹ بعد اون گول سے میچ کو اعصاب شکن بنا دیا۔

انجری ٹائم میں لینزائنی کے گول سے حساب برابر ہو گیا، سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ بے نتیجہ ختم ہوا، فٹبال پرستار خوب محظوظ ہوئے۔ دوسرے اہم میچ میں آسٹن وِلا نے اضافی وقت میں گول کر کے دفاعی چیمپئن لیورپُول سے دوسری پوزیشن چھین لی۔