فرنچ ساحل سمندر پر بادبانی کشتیوں کے مقابلے شروع، 33 سیلرز نے مہارت کے جوہر دکھائے

Published On 09 November,2020 11:38 am

پیرس: (دنیا نیوز) فرنچ ساحل سمندر پر بادبانی کشتیوں کے مقابلے شروع ہو گئے، ہواکا سینہ چیر کر راستہ بنانے کے لیے چھ خواتین سمیت 33 سیلرز نے ایکشن دکھائے۔

نیلگوں پانی میں بادبانی کشتیوں کے دلکش مقابلوں کا آغاز، رنگ برنگی کشتیاں سب کو بھا گئیں۔ چالیس ناٹس کی کشتیاں ہواؤں کا رُخ بدلنے، اپنا راستہ بنا کر آگے نکلنے کی کوشش کرتی رہیں۔ کوویڈ کے باعث سیلرز کی تعداد کم رہی، 6 خواتین سمیت 33 سیلرز سمندر میں اترے۔ آسمان پر اونچی اڑان بھرتے چھوٹے طیاروں نے فضا میں خوشیوں کے رنگ بکھیر دیئے۔

جاپان کے شائرائشی کی بطور واحد ایشیائی سیلر شمولیت ہوئی، کشتی ریس شروع ہوتے ہی برطانیہ کے الیکس تھامسن نے برتری کی دھاک بٹھا دی اور حریفوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ وہ بطور پہلے غیر فرانسیسی کشتی ران فیورٹ قرار دیئے جانے لگے۔