پریمئر لیگ: فٹبال کھلاڑیوں اور کلب سٹاف سمیت 16 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

Published On 18 January,2021 11:11 pm

لندن: (ویب ڈیسک) پریمئر لیگ کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ 16 کھلاڑیوں اور کلب سٹاف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ان تمام کے حال ہی میں ٹیسٹ لئے گئے تھے جو مثبت آئے۔

پریمئر لیگ کی جانب سے گزشتہ ہفتے 3115 ٹیسٹ لئے گئے تھے۔ ان میں سے 11 سے 14 جنوری کو کئے گئے ٹیسٹوں میں سے 10 جبکہ 15 سے 17 جنوری کو اکھٹے کئے گئے ٹیسٹوں میں سے مزید 6 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

تاہم پریمئر لیگ کی جانب سے ابھی تک ان کھلاڑیوں یا کلب ممبرز کے نام سامنے نہیں لائے گئے ہیں جو کہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ 21 دسمبر سے 27 دسمبر تک اکھٹے کئے گئے ٹیسٹوں میں سے 18، 28 دسمبر سے 3 جنوری تک 40، 4 جنوری سے 10 جنوری تک 36 اور 11 جنوری سے 17 جنوری تک حاصل کئے گئے کووڈ ٹیسٹوں میں سے 16 پازیٹو آئے ہیں۔

اگرچہ کھلاڑیوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی بار بار تلقین کی جاتی ہے تاہم دوران کھیل ان کیلئے ان احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا مشکل نظر آتا ہے۔

فٹبال کھلاڑی دوران کھیل ایک دوسرے سے بغلگیر ہونے ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنے کی ہدایات کو نظر انداز کرتے نظر آتے ہیں۔
 

Advertisement