پروفیشنل سکواش کھلاڑی فرحان محبوب کو تمغہ حسن کارکردگی سے نواز دیا گیا

Published On 25 March,2021 05:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پروفیشنل سکواش کھلاڑی فرحان محبوب کو 23 مارچ 2021ء کو حسن کارکردگی کے صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

یہ ایوارڈ انہیں پاکستان سکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) کی تجاویز پر بین الاقوامی سکواش کے بڑے ایونٹس میں ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

جمعرات کو پاکستان سکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق صدر پی ایس ایف، سینئر نائب صدر (ایئر مارشل عامر مسعود) اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے تمام سٹاف نے فرحان محبوب کو اس ایوارڈ کے حصول پر دلی مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ فرحان محبوب کیلئے صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی ملنا بالخصوص جونیئر سکواش کھلاڑیوں اور دیگر کھلاڑیوں کے لئے حوصلہ افزا ثابت ہو گا۔ توقع ہے کہ پاکستانی سکواش کھلاڑی مستقبل میں بھی اس کھیل میں ملک وقوم کا نام روشن کرنے کے لئے کوشاں رہیں گے۔

 

Advertisement