ملک میں کھیلوں کا فروغ، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے وزیر خزانہ سے مدد طلب کرلی

Published On 27 May,2021 06:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے وزیر خزانہ شوکت ترین سے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مالی مدد طلب کر لی ہے۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر خزانہ شوکت ترین سے رابطہ کیا۔ اس رابطے کا مقصد آئندہ فنانس بل میں کھیلوں سے متعلق اشیا پر درآمدی محصولات میں ریلیف تھا۔

وفاقی وزیر کا دوران گفتگو کہنا تھا کہ رواں سال معیشت بہتر پوزیشن میں ہے، ہم کھیلوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ سیف گیمز اور آئندہ اولمپکس کی تیاری کر رہے ہیں، ہمیں اس کے لئے مالی مدد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے درخواست کی کہ حکومت کھیلوں کے سامان کی درآمد پر محصولات کو کم کرے جبکہ کچھ مخصوص کھیلوں کو محصولات سے چھوٹ دی جائے۔ دنیا بھر کے ممالک کھیلوں میں اپنے ٹیکس کا ایک حصہ لگاتے ہیں۔ وفاقی حکومت کھیلوں کے فنڈ میں ٹیکس کا ایک حصہ دینے کے لئے نظام وضع کرے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے فہمیدہ مرزا کو کھیلوں اور متعلقہ انفراسٹرکچر کی مکمل حمایت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔