لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کی فٹبال ٹیم بھی کورونا ویکسین کیخلاف سوشل میڈیا پر ہونے والے پروپیگنڈے کا شکار ہوگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس کے 5پلیئرز نے ویکسین لگوانے سے انکار کردیا ہے، جس کے بعد اگلے سال قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ان پلیئرز پر پابندی لگ سکتی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق قطر میں اگلے برس ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں ویکسین کے بغیر فینز اور نہ ہی کھلاڑیوں یا آفیشلز کو اجازت ہوگی۔
قطری حکام کے اس فیصلے کی وجہ سے انگلش فٹبال ٹیم متاثر ہوسکتی ہے کیونکہ ٹیم میں شامل کم از کم 5 کھلاڑی ویکسین سے انکاری ہیں، ان میں3 سینئر پلیئرز بھی شامل ہیں۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کھلاڑی سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈا کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے وہ ویکسین نہیں لگوارہے۔ یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے، جس کی وجہ سے انگلینڈ کی ورلڈ کپ کیلئے تیاریوں کو دھچکا لگ سکتا ہے۔