دورہ پاکستان منسوخ: برطانوی وزیرخارجہ کی تحفظات ای سی بی تک پہنچانے کی یقین دہانی

Published On 28 September,2021 09:29 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرس نے انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے منسوخ کیے جانے کے تحفظات ای سی بی تک پہنچانے کی یقین دہانی کرا دی۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی کرکٹ ٹیم کے دورہ کی منسوخی کا معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے اٹھا دیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی برطانوی ہم منصب سے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ کے دورے کی منسوخی کا فیصلہ یکطرفہ تھا۔ میں نے اپنی ہم منصب لز ٹرس کو کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر خارجہ نے مجھے یقین دلایا کہ ہم آپ کے تحفظات انگلش کرکٹ بورڈ تک پہنچائیں گے۔

یاد رہے کہ 20 ستمبر کو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اپنا دورہ پاکستان ختم کر دیا تھا۔ جس کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانس، سابق انگلش کرکٹرز نے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

برطانوی اخبار کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کا دورہ منسوخ کیے جانے پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے ناراض ہیں۔

برطانوی اخبار ’’ دی ٹائمز‘‘کے مطابق بورس جانسن انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے فیصلے پر بھی ناراض ہیں، وزیراعظم اور سینئر وزراء کا ماننا ہے فیصلے کے باعث انگلینڈ کے پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے ہیں ۔

برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ ، وزیراعظم آفس، دفترخارجہ ، محکمہ ثقافت ، میڈیا اور کھیل کے حکام کے درمیان مشاورت ہوئی تھی جس میں گورننگ باڈی کی جانب سے منصوبہ بندی سے آگے بڑھنے پر زور دیا گیا ۔

ان درخواستوں کو نظر انداز کرنے اور کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کی بنیاد پر دورہ منسوخ کرنے کے بعد کے فیصلے نے وزراءکو مشتعل کر دیاہے ۔

برطانوی اخبار کے مطابق ان کا ماننا ہے کہ اس فیصلے نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے برطانیہ کی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے جب وہ خاص طور پر اہم ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق طالبان کے قبضے کے بعد پاکستان نے برطانیہ اور اس کے اتحادیوں کو افغانستان سے نکالنے کیلئے بھر پور مدد فراہم کی جبکہ افغان جنگ میں ان کا ساتھ دینے والے افغانیوں کو بھی وہاں سے نکالا ۔

چند روز قبل برطانوی کھلاڑیوں نے دعویٰ کیا کہ دورہ پاکستان کی منسوخی میں ان کا کوئی کردار نہیں، برطانوی بورڈ نے اس فیصلے سے متعلق ہمیں اندھیرے میں رکھا۔

برطانوی اخبار کے مطابق انگلش پلیئرزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کی منسوخی میں کھلاڑیوں کا کوئی کردار نہیں ہے، ان سے تو یہ بھی نہیں پوچھا گیا کہ کیا آپ سفرکریں گے، انگلش پلیئرزایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ انہیں تو دورہ منسوخ کرنے کے بعد بتایا گیا، یونین نے ان دعوؤں کی بھی تردید کی ہے کہ فیصلے کے پیچھے برطانوی کھلاڑی تھے۔

Advertisement