ایشیا ہاکی کپ، پاکستان کا پانچویں پوزیشن کیساتھ سفر تمام

Published On 01 June,2022 02:45 pm

جکارتہ: (ویب ڈیسک) ایشیا ہاکی کپ میں پاکستانی ٹیم کا سفر پانچویں پوزیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، پانچویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 0-8 سے شکست دے دی۔

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کھیلے گئے مینز ایشیا ہاکی کپ میں پانچویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-8 سے شکست دی۔

بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں پاکستان کی جانب سے مبشر علی نے 2 جبکہ عبدل شاہد، افراز، رضوان علی، غضنفر علی، اعجاز احمد اور کپتان عمر بھٹہ نے ایک ایک گول کیا۔

قومی ہاکی ٹیم کو میچ کے ہاف ٹائم تک صرف 2 گولز کی سبقت حاصل تھی تاہم تیسرے کوارٹر سے پاکستان نے جارحارنہ کھیل شروع کر دیا اور میچ کے اختتام تک 8 گولز کی برتری سمیٹ لی۔

مجموعی طور پر ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان کی کارکردگی شاندار رہی مگر جاپان سے ہار نے قومی ٹیم کے ورلڈ کپ میں رسائی کے خواب کو پورا نہ ہونے دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں بھارت سے میچ ڈرا، انڈونیشیا کو صفر کے مقابلے میں 13 گولز کی شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ جاپان نے 2-3 سے ہرا دیا تھا۔
 

Advertisement