اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سمندری طوفانوں، غیرمعمولی بارشوں اور موسم کی بروقت آگاہی کیلئے جاپان کے تعاون سے محکمہ موسمیات کراچی میں لگائے گئے ویدر سرویلینس ریڈار پراجیکٹ پر حکومت جاپان اور جائیکا کے شکر گزار ہیں۔
محکمہ موسمیات کراچی میں ویدر سرویلینس ریڈار پراجیکٹ کی حوالگی تقریب ہوئی، تقریب میں جاپان کے قونصل جنرل توشی کازوایسو مورا، ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ، ڈی جی محکمہ موسمیات سمیت دیگرافسران شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ جاپانی قونصل جنرل کا اردو میں خطاب سن کر دلی مسرت ہوئی، حکومت جاپان اور جائیکا کا مشکور ہوں کہ انہوں نے معاونت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون صرف محکمہ موسمیات تک نہیں بلکہ اسلام آباد میں سڑک کی تعمیر بھی شامل ہے، اس کے علاوہ ہوائی اڈوں پر جدید آلات اور اسکینرز کی تنصیب بھی جائیکا کے ذریعے ہوئی۔
ڈی جی میٹ صاحبزاد خان نے بتایا کہ ویدر سرویلنس ریڈار 450 کلومیٹر کے دائرے میں کام کرے گا، اس ریڈار کے ذریعے موسمیاتی صورتحال کے علاوہ شعبہ ہوا بازی اور ماہی گیری میں بھی معاونت ملے گی، پاکستان میں جائیکا جاپان کے تعاون سے 4 ریڈار نصب کئے جا رہے ہیں جن میں سے اسلام آباد اور کراچی میں تنصیب ہوچکی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے بتایا کہ 1990 میں سابقہ ریڈار کے بعد جدید ریڈار کی تنصیب وقت کی ضرورت تھی۔