بیلجیئم: (ویب ڈیسک) فٹبال ورلڈکپ میں بیلجیئم کو مراکش کے ہاتھوں شکست شائقین برداشت نہ کر سکے۔ بیلجیئم کے شہری غصے میں سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا اور مختلف املاک کو آگ لگا دی۔
گزشتہ روز ورلڈ کپ کے فیورٹ سمجھی جانے والی ٹیم بیجلیئم کو مراکش کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں 2 گول سے اپ سیٹ شکست ہوئی تھی۔ بیلجیئم کے شہری اپنی ٹیم کی ہار برداشت نہ کر سکے غصے میں سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔
بیلجیئم میں مراکشی نسل کے تقریباً 5 لاکھ افراد رہتے ہیں جنھوں نے اپنے ملک کی فتح کا جشن بھی منایا۔ مقامی آبادی جو پہلے ہی شکست پر غصے میں تھی۔ کئی مقامات پر فتح کا جشن منانے والے مراکشی شائقین سے جھگڑوں کی رپورٹ بھی سامنے آئی ہیں۔
اپنی قومی ٹیم کی اس غیر متوقع شکست پر بیلجیئم کے شہریون نے دارالحکومت برسلز میں دکانوں میں توڑ پھوڑ کی، گاڑیوں اور ٹائر نذر آتش کردیئے۔مظاہروں کے دوران 11 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگیا۔
مظاہرین نے پولیس کو دیکھتے ہی ان پر بھی لاٹھیوں سے حملہ کردیا۔ کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے واٹر کینن اور آنسو گیس کا بے دریخ استعمال کیا۔ہنگامہ آرائی میں ایک صحافی سمیت درجنوں شہری زخمی ہوگئے۔
واضح رہے قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں یہ پہلی اپ سیٹ شکست نہیں تھی۔ آغاز میں سعودی عرب نے مضبوط سمجھی جانے والی ٹیم ارجنٹائن شکست دی۔ جبکہ جاپان کے ہاتھوں جرمنی کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔