لاہور:(ویب ڈیسک) فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں برازیل نے سوئٹزرلینڈ کو شکست دے کر فرانس کے بعد پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں برازیل نے سوئٹزرلینڈ کو ایک صفر سے شکست دے دی، برازیل نے ورلڈ کپ کے پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔
ورلڈ کپ میں برازیل کی ٹیم لاسٹ 16 میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہے، اس سے قبل فرانس پری کوارٹر فائنل میں پہنچا تھا، برازیل کی ٹیم 2 میچز میں 6 پوائنٹس لیکر گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر ہے۔
فاتح ٹیم کی جانب سے سے واحد گول کاسیمیرو نے 83 ویں منٹ میں کیا۔
اس سے قبل قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے میچ میں دفاعی چیمپئن فرانس نے ڈنمارک کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
فرانس پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی اس ٹورنامنٹ کی پہلی ٹیم بن گئی تھی، دفاعی چیمپئن نے ڈنمارک کو 1-2 سے شکست دی۔ فرانس کے دونوں گول امباپے نے سکور کیے۔
انہوں نے پہلا گول 61 ویں اور دوسرا گول 86 ویں منٹ میں کیا۔ ڈنمارک کاواحدگول اینڈریس کریسٹنسین نے 68 ویں منٹ میں اسکور کیا۔
فرانس نے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی، فرانس کا آخری گروپ میچ تیونس سے 30 نومبر کو ہے۔
خیال رہے کہ 2018 میں روس میں ہونے والے ورلڈ کپ میں فرانس نے فائنل میں کروشیا کو شکست دے کر ورلڈکپ جیتا تھا۔