سڈنی : (ویب ڈیسک ):ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی) اور ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن ( ڈبلیو ٹی اے ) کے زیر اہتمام یونائیٹڈ کپ کا ابتدائی ایڈیشن آسٹریلیا کے تین مشہور شہروں میں آج ایک ساتھ شروع ہوگا۔
رپوٹس کے مطابق یونائیٹڈ کپ کا ابتدائی ایڈیشن 29 دسمبر 2022 سے 8 جنوری 2023 تک آسٹریلیا کے شہروں برسبین، پرتھ اور سڈنی میں تین مقامات پر منعقد ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ میں 18 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔
ایونٹ میں شریک ٹیموں کو چھ مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں تین ، تین ٹیموں کو رکھا گیا ہے، گروپ اے میں یونان، بیلجیم اور بلغاریہ شامل ہیں، گروپ بی میں پولینڈ،سوئٹزرلینڈاور قزاخستان کو رکھا گیا ہے۔
گروپ سی میں امریکا، جرمنی اور جمہوریہ چیک کو رکھا گیا ہے جبکہ گروپ ڈی میں سپین،میزبان آسٹریلیا اور برطانیہ شامل ہیں جبکہ گروپ ای میں اٹلی،برازیل اور ناروے شامل ہیں اسی طرح گروپ ایف میں فرانس کروشیا اور ارجنٹائن کو رکھا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ سے کھلاڑیوں کو اپنی اے ٹی پی رینکنگ اور ڈبلیو ٹی اے رینکنگ پوائنٹس میں اضافہ کرنے کا سنہری موقع ملے گا اورایک کھلاڑی زیادہ سے زیادہ 500 پوائنٹس جیتنے کے قابل ہوسکے گا۔