ویلز کے کپتان گیرتھ بیل کا فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Published On 10 January,2023 01:00 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) ویلز فٹبال ٹیم کے کپتان گیرتھ بیل نے شاندار کیریئر کے بعد 33 سال کی عمر میں فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس ایف سی فارورڈ گیرتھ بیل جو اس سے قبل ساؤتھمپٹن، ٹوٹنہم اور ریئل میڈرڈ کے لیے کھیل چکے ہیں نے 29 نومبر کو انگلینڈ کے ساتھ ویلز کے ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے میچ کے دوران اپنا آخری میچ کھیلا۔

بیل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ریٹائرمنٹ کے حوالے سے لکھا کہ کافی سوچ بچار کے بعد میں کلب اور بین الاقوامی فٹبال سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں، میں ناقابل یقین حد تک خوش قسمت ہوں کہ اس کھیل کو کھیلنے کے اپنے خواب کو پورا کر پایا جس سے مجھے پیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا جنہوں نے اس سفر میں اپنا کردار ادا کیا ایک ناممکن سا محسوس ہوتا ہے، میں خود کو بہت سے لوگوں کا مقروض محسوس کرتا ہوں جنہوں نے میری زندگی کو تبدیل کرنے اور میرے کیریئر کو اس طرح سے ڈھالنے میں مدد کی جیسے میں نہیں کر سکتا تھا۔

بیل نے 2013 میں ریئل میڈرڈ میں جانے سے پہلے ٹوٹنہم میں پریمیئر لیگ میں اپنا نام بنایا، جہاں انہوں نے پانچ چیمپئنز لیگ ٹائٹل جیتے تھے، فارورڈ نے جون 2022 میں لاس اینجلس ایف سی میں شمولیت اختیار کی اور ریاست ہائے متحدہ میں اپنے مختصر کیرئیر میں ایم ایل ایس کپ جیتا۔

Advertisement