فرانسیسی فٹبال فیڈریشن کے صدر کو زیڈان پر منفی تبصرہ مہنگا پڑ گیا

Published On 11 January,2023 02:46 am

پیرس : ( ویب ڈیسک ) فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن کے صدر نوئل لی گریٹ کو لیجنڈری فٹبالر زین الدین زیڈان کے بارے منفی تبصرہ مہنگا پڑ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن کی ایتھیکس کمیٹی کے سربراہ نے صدر فیڈریشن نوئل لی گریٹ سے سابق فرانسیسی فٹبالر زین الدین زیڈان کے بارے میں منفی تبصرہ کرنے پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

صدر فیڈریشن لی گریٹ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ قومی ٹیم کے منیجر کے عہدے کیلئے زیڈان کا فون نہیں اٹھائیں گے، بعد میں انہوں نے اس پر معافی مانگ لی تھی، تاہم ایتھیکس کمیٹی کے سربراہ پیٹرک اینٹن کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ 81 سالہ لی گریٹ کو عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

اینٹن نے کہا کہ لی گریٹ نے ایسے تبصرے کیے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے اپنی صاف گوئی کھو دی ہے۔، وہ ایک ایسے آدمی ہیں جو تھکے ہوئے ہیں۔

زیڈان 1998 کا ورلڈ کپ جیتنے والی فرانسیسی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ انہوں نے ریال میڈرڈ کے کوچ کی حیثیت سے ٹرافی سے لدے اسپیل کا لطف بھی اٹھایا۔

قطر ورلڈ کپ فائنل میں ٹیم کی ارجنٹائن سے شکست کے بعد انہیں فرانسیسی ٹیم کے مینجر کے طور پر کام کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا لیکن ہفتہ کو ڈیسچمپ نے اپنے معاہدے کو 2026 تک بڑھا دیا ہے۔

زیڈان کے بارے میں لی گریٹ کے تبصروں کو فرانس کے سٹرائیکر کائلان ایمباپے اور گول کیپر ہیوگو لوریس نے "بے عزتی" قرار دیا تھا جبکہ ریال میڈرڈ نے بھی ان پر تنقید کی تھی۔